Tuesday, 24 April 2012

معروف فلمی اداکارہ شبنم کی کراچی آمد،ماضی کی یادیں تازہ کرتےہوئےآنکھیں نم


اسٹاف رپورٹ
کراچی : فلمی صنعت ميں منفرد مقام بنانے والی اداکارہ شبنم اپنے شوہر کے ساتھ تیرہ سال بعد پاکستان پہنچ گئيں۔ ايئرپورٹ پر ان کا شانداراستقبال کيا گيا۔ ماضی کی ياديں تازہ کرتے ہوئے شبنم کی انکھيں نم ہوگئيں۔بے چين تو شبنم کا دل بھی تھا اپنی پہچان کی سرزمين پر اترنے کو جس کی خوشی ان کے چہرے سے عياں تھی۔شبنم نے سلور اسکرين پر ہی نہيں شائقين کے دلوں پر بھی راج کیا جس کا ثبوت وہ محبتيں ہيں جو انھيں ايک طويل مدت بعد ماضی کی دھندلکے  سے نکال لائيں۔ بڑی بڑی سیاہ آنکھيں خوبصورت نین نقش والی سانولی سالونی بنگالی حسینہ کو بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا۔ شبنم کا کيريئر331 فلموں پر محيط ہے مگر ہر فلم اپنی مثال آپ ہے۔آئينہ ، قرباني پاکيزہ دوستي اور آہٹ جيسي  يادگار فلميں  پاکستاني سينما کي ترقي اور مقبوليت ميں سنگ ميل ثابت ہوئيں۔ ان کی آخری فلم آوارگی تھی جو 1995ميں ريليز ہوئی جس کے بعد آج تک کوئی بھی انھيں بھلا نہ پايا۔شبنم 90ء کی دہائی میں اپنے شوہر روبن گھوش کے ساتھ ہمیشہ کےلیے بنگلہ دیش چلی گئيں تھيں جہاں وہ  مکمل گھريلو زندگی گزار رہی ہيں۔پاکستان فلم انڈسٹری  کے ساتھ جڑی يادوں کو تازہ کرنے کےليے وہ ايک  طويل عرصے کے بعد اس  سر زمين پر قدم رکھ رہی ہيں۔ جہاں ان کی خدمات کو خراج تحسين پيش کرنے کی خاص تياريا ں کی گئی  ہيں۔

No comments:

Post a Comment