Tuesday, 24 April 2012

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس 25 اپریل کو طلب



پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس 25 اپریل کوپارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے کمیٹی روم نمبر دو میں سہ پہر ساڑھے تین بجے طلب کئے گئے اجلاس میں ارکان کمیٹی کے نئے چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان حکومت سے مختلف امور پر اختلافات کی بناء پر پی اے سی کے چیئرمین کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے جس کے بعد متعدد کوششوں کے باوجود چوہدری نثار علی خان کو نہیں منایا جاسکا۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے اپنے ساڑھے تین سالوں میں تاریخ ساز کارکردگی کا مظاہر ہ کیا تھا اور 1989-90ء سے 2008-09ء تک کے تقریباً گذشتہ بیس سال تک کے زیر التواء آڈٹ پیراز نمٹائے اور اربوں روپے کے واجبات کی وصولی یقینی بنائی۔

اطلاعات کے مطابق پی اے سی سیکرٹریٹ کی جوائنٹ سیکرٹری کی جانب سے تمام 21ارکان کو 25 اپریل کو اجلاس میں شرکت کے نوٹسز بھجوادیئے گئے ہیں ۔

No comments:

Post a Comment