عالمی بینک رواں مالی سال کے دوران پاکستان کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے  ایک ارب اسی کروڑ ڈالر دے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے عالمی مالیاتی فنڈ ’آئی ایم ایف‘ اور ورلڈ بینک کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔  وزیرخزانہ نے بتایا کہ عالمی بینک کی جانب سے ملنے والی رقم توانائی کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔عالمی بینک نے کوہستان میں دریائے سندھ پر داسو کے مقام پر ڈیم کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے پر بھی رضا مندی ظاہر کی ہے۔  داسو ڈیم سے 1500 میگا واٹ بجلی حاصل کی جا سکے گی۔وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ عالمی بینک کے عہدیداروں نے پاکستانی معیشت کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا ہے اور  ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔عالمی بینک نے گزشتہ سال پاکستان کو توانائی کے شعبے میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور سماجی شعبے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایک ارب بیس کروڑ ڈالر دئیے تھے۔پاکستان کو اس وقت توانائی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ رواں ماہ کے اوئل میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت توانائی کانفرنس کا اجلاس ہوا تھا جس میں موسم گرما کے دوران  بجلی کی بچت کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دی گئی ہے ۔ ان اقدامات میں ہفتے میں دو دن چھوٹی اور مغرب کے بعد کاروباری مراکز بند کروانے سمیت دیگر فیصلے شامل تھے۔